ہولن بئیر (چین) 12 ستمبر (یو این آئی) موجودہ چمپئن ہندوستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ایشین چیمپئنز ٹرافی میں مسلسل چوتھی جیت درج کی۔ آج چین کے شہر ہولن بئیر میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دی۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دو گول کئے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ ٹیم نے پہلے میچ میں چین، دوسرے میں جاپان اور تیسرے میں ملیشیا کو شکست دی۔ ہندوستان کا اگلا لیگ میچ 14 ستمبر کو پاکستان کے ساتھ ہے۔
لیگ مرحلے کے اس میچ میں آٹھویں منٹ میں اریجیت سنگھ ہنڈل کے شاندار گول نے ہندوستان کو برتری دلا ئی۔ وویک ساگر پرساد کے طاقتور کراس پاس کو ہنڈل نے سرکل کے اوپر سے اٹھایا اور گول میں ڈال دیا۔ اس کے بعد ہرمن پریت نے نویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری کو دوگنا کردیا۔ کوریا کے یانگ جیہون نے 30ویں منٹ میں گول کیا۔
ہرمن نے پھر 43ویں منٹ میں گول کیا۔ ہرمن پریت نے میچ میں اپنا 200 واں بین الاقوامی گول کیا۔میچ کے اصل ہیرو ا سورج کرکیرا نے کہا کہ کوریا کو ہرانا آسان نہیں تھا لیکن ہمارا آج کا اصل فارمولہ بہترین دفاع کرنا تھا۔ ہم کسی دباؤ میں نہیں تھے کیونکہ کوچ نے ہمیں اپنا کھیل کھیلنے کی آزادی دی تھی۔ ہم نے سریجیش کے ساتھ برسوں سے تربیت حاصل کی ہے اور اگرچہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، ہم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔