نئی دہلی12ستمبر: گزشتہ شام ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی رہائش پر منعقد گنپتی (دیوتا گنیش) پوجا میں شرکت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں چیف جسٹس اور ان کی اہلیہ وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہوئے اور بعد میں ایک ساتھ پوجا کرتے ہوئے نظر آ تے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے اس ویڈیو کو خود سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور مراٹھی میں لکھا، ’’چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی رہائش پر گنیش پوجا میں شامل ہوا۔ بھگوان گنیش سب کو امن، خوشحالی اور صحت مندی عطا کریں۔‘‘ وزیر اعظم کی سی جے آئی کی رہائش پر پوجا میں شرکت پر متعدد سوالات اٹھ رہے ہیں اور سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے بھی اس پر تبصرہ کیا ہے۔ مشہور وکیل اور کارکن پرشانت بھوشن نے اس معاملے میں سوالات اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’ججوں کے لیے ضابطہ اخلاق: ایک جج کو اپنے عہدے کے وقار کے مطابق ایک حد تک لاتعلقی کی مشق کرنی چاہیے۔ اس کی جانب سے ایسا کوئی کام یا کوتاہی کا ارتکاب نہیں کرنا چاہیے جو اس کے اعلیٰ عہدے اور اس عہدے کے عوامی احترام سے متصادم ہو۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’میں اس بات سے حیران ہوں کہ سی جے آئی چندرچوڑ نے مودی کو ذاتی ملاقات کے لیے اپنی رہائش گاہ آنے کی اجازت دی۔ اس سے عدلیہ کے لیے بہت برا اشارہ ملتا ہے، کیونکہ عدلیہ کا کام انتظامیہ سے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ حکومت آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرے۔ اس لیے انتظامیہ اور عدلیہ کے درمیان ایک فاصلہ ہونا ضروری ہے۔‘‘