پٹنہ11ستمبر: پٹنہ ہائی کورٹ نے بدھ کے روز گاندھی میدان بم دھماکہ کیس میں 4 مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے۔ اب ان مجرموں کو پھانسی کی سزا نہیں دی جائے گی۔ یہ بم دھماکے 27 اکتوبر 2013 کو پٹنہ میں ہوئے تھے، جب اُس وقت کے وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کی ایک انتخابی ریلی کے دوران سلسلہ وار بم دھماکے کیے گئے تھے۔ اس واقعے میں 4 ملزمان کو سزائے موت سنائی گئی تھی، لیکن بدھ کو پٹنہ ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ ملزمان کے وکیل عمران غنی نے بتایا کہ گاندھی میدان بم دھماکہ کیس میں 6 درخواستوں کی سماعت پہلے ہی ہو چکی تھی اور آج پٹنہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں اپنا فیصلہ سنایا۔ ان 6 میں سے 4 ملزمان کو پہلے سزائے موت سنائی گئی تھی، جبکہ 2 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ وکیل نے فیصلے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا، ’’جسٹس آشوتوش کمار کی بنچ نے گاندھی میدان بم دھماکہ کیس میں فیصلہ سنایا ہے۔ 4 ملزمان کو پہلے سزائے موت سنائی گئی تھی، اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہیں 30 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ جبکہ دو ملزمان کو دی گئی عمر قید کی سزا برقرار رکھی گئی ہے۔‘‘ یہ بم دھماکے 27 اکتوبر 2013 کو لوک سبھا انتخابات 2014 کے دوران نریندر مودی کی پٹنہ میں ہونے والی ریلی کے دوران ہوئے تھے۔ ان دھماکوں میں 6 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس معاملے کی این آئی اے سے تحقیقات کی درخواست کی تھی۔ گاندھی میدان بم دھماکہ کیس میں این آئی اے نے حیدر علی، مجیب اللہ، نعمان، امتیاز، عمر اور اظہرالدین کو گرفتار کیا تھا۔ 2014 میں این آئی اے نے اس کیس میں چارج شیٹ دائر کی تھی۔ حیدر علی، مجیب اللہ، نعمان اور امتیاز کو سیشن کورٹ نے سزائے موت سنائی تھی، جبکہ عمر اور اظہرالدین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔