نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ نے پیرس پیرالمپک گیمز میں تمغہ جیتنے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے آج نقد انعامات کا اعلان کیا۔آج یہاں جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ طلائی تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو 75 لاکھ روپے، چاندی کا تمغہ جیتنے والوں کو 50 لاکھ روپے اور کانسی کا تمغہ جیتنے والوں کو 30 لاکھ روپے انعام کے طور پر دیئے جائیں گے۔اس سے قبل آج ان کی وطن واپسی پر پیرالمپکس میڈل جیتنے والوں کا سینکڑوں شائقین نے پرتپاک استقبال کیا جنہوں نے پھولوں کے ہار اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ہندوستان نے پیرس پیرالمپکس میں اپنی تاریخی مہم کا اختتام 29 تمغوں کے ساتھ کیا جس میں سات سونے، نو چاندی اور 13 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر کھیل نے پیرا ایتھلیٹس کو 2028 لاس اینجلس پیرالمپکس میں مزید تمغے جیتنے کے لیے مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔