پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے لوگ بہت جلد بھارت کے ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کریں گے : راجناتھ سنگھ

0
8

جموں08 ستمبر(یو این آئی)وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ غیر ملکی شہریوں جیسا سلوک روا رکھ رہی ہے۔ ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ حکومت ہند کا یقین ہے کہ وہ( پاکستانی زیر قبضہ کشمیرکے لوگ) بھارتی شہری ہی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ بھارت کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کریں گے۔ا ن باتوں کا اظہار موصوف نے رام بن میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کے ایڈیشنل سالسٹر جنرل نے عدالت میں ایک قرارداد پیش کی جس میں پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کو غیر ملکی قرار دیا گیا ۔ وزیر دفاع نے کہاکہ حکومت ہند کا یقین ہے کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے لوگ بھارتی شہری ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہاں کے لوگ خود آگے آکر بھارت کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کریں گے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا :’اگر بھاجپا نے جموں وکشمیر میں حکومت تشکیل دی تو دس سالوں کے اندر اندر جموں وکشمیر کو ایک ماڈل ریاست بنائیں گے۔‘انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے۔مرکزی وزیر دفاع نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس بار تاریخی الیکشن ہو رہے ہیں کیونکہ دنیا کی نظریں اس پر مرکوز ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں امریکہ کے دورے پر تھا اور وہاں موجود ہندوستانیوں نے سوال کیا کہ جموں وکشمیر انتخابات میں کس کی جیت ہوگی میں نے جواب میں کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نہ صر ف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کی نظریں جموں وکشمیر کے انتخابات پر ٹکی ہوئی ہیں۔ وزیر دفاع نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگلے دس سالوں تک بی جے پی کو خدمت کرنے کا موقع فراہم کریں ۔