پیرس، 7 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی ایتھلیٹ ہوکاٹو سیما نے پیرالمپکس میں پہلی بار حصہ لیتے ہوئے مردوں کے شاٹ پٹ ایف57 کے فائنل میچ میں اپنے انفرادی بہترین تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔ ناگالینڈ کے ایتھلیٹ ہوکاٹو سیما نے جمعہ کی رات دیر گئے کھیلے گئے شاٹ پٹ ایونٹ میں 14.65 میٹر کے اپنے انفرادی بہترین تھرو کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا اور کانسی کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی پیرالمپکس میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد چھ سونے، نو چاندی اور 12 کانسی کے تمغوں کے ساتھ بڑھ کر 27 ہو گئی ہے۔
اس مقابلے میں ایران کے یاسین کوسوانی نے 15.96 میٹر کے تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ وہیں تھیاگو پالینو نے 15.06 میٹر کے تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔24 دسمبر 1983 کو پیدا ہوئے، ہوکاٹو سیما کا تعلق ناگالینڈ کے ایک کسان خاندان سے ہے۔ وہ فوج میں تھے اور سال 2002 میں ہوکاٹو سیما نے جموں و کشمیر کے چوکیبل میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں حصہ لیا۔ اس دوران وہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں اپنی بائیں ٹانگ سے محروم ہو گئے۔ پیر گنوانے کے بعد بھی انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور کئی چیلنجز کے باوجود 2016 میں پیرا ایتھلیٹ بننے کی جانب رخ کیا۔سیما نے ایشین پیرا گیمز 2022 (2023) میں کانسی کا تمغہ جیتا، ورلڈ چیمپئن شپ 2024 میں چوتھے نمبر پر رہے اور مراکش گراں پری 2022 میں چاندی کا تمغہ جیتا۔
دریں اثناء پیرس پیرالمپکس گیمز کا آج 10 واں دن ہے۔ آج بھارت کے 5 کھلاڑی میڈل نہیں جیت سکے۔ اب ایتھلیٹکس کے صرف 3 ایونٹس میں چیلنج رہ گیا ہے۔ تینوں میچز رات ساڑھے دس بجے کے بعد شروع ہوں گے۔ ہندوستان نے پیرا اولمپک کھیلوں میں اب تک 27 تمغے جیتے ہیں۔ہندوستان تمغوں کی تعداد میں 17ویں نمبر پر ہے۔ ہندوستانی کھلاڑی اب تک 6 طلائی، 9 چاندی اور 12 کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔ پیرا اولمپکس میں یہ ملک کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے قبل ٹوکیو پیرالمپکس میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے 5 گولڈ سمیت 19 تمغے جیتے تھے۔