بھوپال:14جنوری( پریس نوٹ) بروز اتوار بوقت صبح 9 بجے تا نماز عصر جمعیۃ علما ٕ مدھیہ پردیش کے صدر حاجی محمد ہارون صاحب کی ہدایات کے مطابق جمعیۃ علما ٕ ضلع بھوپال کے زیر انتظام جمعیۃ علما ٕ ہند کے شعبہ دینی تعلیمی بورڈ کا یک روزہ تربیتی کیمپ بمقام ضلع دفتر جمعیۃ علما ٕ جامعہ حفظ القرآن چندن نگر بھانپور ضلع بھوپال میں منعقد کیا گیا۔جس میں شہر و اطراف کے تقریبا 50 مکاتب کے اساتذہ و ذمہ داران نے شرکت کی۔ کیمپ الحمد للہ متعین کردہ شیڈیول کے اعتبار سے صبح 9 بجے شروع ہو کر تا نماز عصر پوری کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ کیمپ پانچ نششتوں پر مشتمل تھا۔اس تربیتی ورکشاپ کا آغاز تلاوت کلام اللہ کے بعد استقبالیہ کلمات سے ہوا اسکے بعد تعارفی بات جمعیۃ علما ٕ مدھیہ پردیش کے جنرل سکریٹری جناب محمد کلیم خان ایڈووکیٹ صاحب نے کی۔ جنرل سکریٹری صاحب نے جمعیۃ علما ٕ ہند کے موجودہ پروگراموں سے آگاہ کرواتے ہوئے زور دیا کہ جمعیۃ کو مضبوطی فراہم کرنے کے لئے محلہ اور وارڈ یونٹوں کو زیادہ سے زیادہ قائم کرنا ہوگا۔ پروگرام میں معلمین کی حیثیت سے حال ہی میں دہلی سے تربیت حاصل کر کے آئے معلمین سید منظر علی صاحب حفظی، مفتی عرفان صاحب قاسمی اور مفتی رافع صاحب شریک تھے۔ نظامت کے فرائض پروگرام کے روح رواں جمعیۃعلما ٕ ضلع بھوپال کے صدر حافظ محمد اسمعیل بیگ صاحب نے انجام دیے۔ ضلع صدر صاحب نے اپنے کلیدی اور آخری خطاب میں فرمایا کہ مکاتب دینیہ کے استحکام اور انکو منظم و مضبوط کرنے کے لئے اس طرح کے تدریبی و تربیتی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ دور نت نئے فتنوں سے لبریز ہے۔ خصوصا فتنہ ارتداد نے اپنی جڑیں کافی مضبوط کر لی ہیں۔
جس سے ہماری نوجوان نسلوں کا اس فتنہ میں گرفتار ہونے کا ایک سیل رواں ہے۔جسکی بنیادی وجہ ایمان و عقیدہ کی کمزوری ہے جو کہ ایک بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔لہذا ہم علما ٕ کرام کو اس جانب اپنی خصوصی جانفشانی و جد جہد کی اشد ضرورت ہے۔ چنانچہ جمعیۃ علما ٕ ہند کے صدر جناب سید محمود اسعد مدنی صاحب مد ظلہ العالی نے جمعیۃ کے اس دینی تعلیمی مشن کو مزید متحرک و فعال بنانے کے لئےپورے ملک میں مکاتب کا جال بچھانے اور انکو مستحکم و منظم کرنے کے لئے بیداری مہم دینی تعلیمی بورڈ کے ذریعہ زور شور سے جاری فرمائی۔ تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلیں اپنے بنیادی عقائد و ایمان کو مضبوط کر کے تمام قسم کے فتنوں سے محفوظ رہیں۔ آج کا یہ پروگرام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ اخیر میں ضلع صدر صاحب ہی کے کلمات تشکر اور دعا ٕ پر مجلس کا بخیر اختتام ہوا۔ اس موقعہ پر جمعیۃ علما ٕ ضلع بھوپال کی پوری ٹیم موجود تھی۔