نئی دہلی، 5 ستمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، کھیلوں کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے پیرا ایتھلیٹ ہرویندر سنگھ کو مردوں کے انفرادی ریکرو اوپن فائنل تیر اندازی مقابلے میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔
صدر جمہوریہ مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا “پیرس 2024 پیرا لمپکس میں مردوں کے انفرادی ریکرو پیرا آرچری ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے پر ہرویندر سنگھ کو میری دلی مبارکباد۔ پیرا لمپکس میں یہ ہرویندر کا لگاتار دوسرا تمغہ ہے اور ہندوستان کے لیے پیرا آرچری میں پہلا گولڈ میڈل ہے۔ زبردست دباؤ میں ان کی غیر معمولی کارکردگی متاثر کن ہے۔ میری خواہش ہے کہ وہ ترنگے کو مزید فخر دلائیں۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا “ہرویندر سنگھ نے پیرس پیرا لمپکس 2024 میں پیرا آرچری میں تاریخ رقم کر کے ہندوستان کو سر فخر سے بلند کیا ہے۔ مردوں کے انفرادی ریکرو اوپن ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے پر انہیں دلی مبارکباد۔ ان کی لگن اور محنت واقعی رنگ لائی ہے۔ میں ان کی آنے والی تمام کوششوں میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘