پیرس، 5 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس دھرم بیر اور پرنو سورما نے مردوں کے کلب تھرو ایف51 ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب سونے اور چاندی کے تمغے جیتے۔بدھ کی رات دیر کلب تھرو کے فائنل میچ میں پیرا ایتھلیٹ دھرم بیر نے 34.92 میٹر کے تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ ہم وطن پرنو سورما نے 34.59 میٹر کے تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے پیرا اولمپک گیمز میں پیرا کلب تھرو ایونٹ میں تمغہ جیتا ہے۔ اس دوران امت کمار 23.96 میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ 10ویں نمبر پر رہے۔ اپنے پہلے تھرو میں فاؤل کرنے کے بعد، دھرم بیر نے پانچویں تھرو میں 34.92 میٹر کے تھرو کے ساتھ مقابلے میں سرفہرست رہے اور ایشیائی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔تیسرے نمبر پر رہنے والے سربیا کے فلپ گروواک نے 34.18 میٹر کے تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔ان دو تمغوں کے ساتھ پیرس پیرالمپکس میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد پانچ سونے، نو چاندی اور 10 کانسی کے تمغوں کے ساتھ بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔
وہیں ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ کپل پرمار نے جمعرات کو پیرس پیرا لمپکس 2024 گیمز کے پیرا جوڈو مردوں کے 60 کلوگرام جے1 مقابلے میں برازیل کے ایلیلٹن ڈی اولیویرا کو ایپون کے ذریعے شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیتا۔پیرالمپکس گیمز کی تاریخ میں پیراجوڈو میں ہندوستان کا یہ پہلا تمغہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی پیرس پیرالمپکس میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہے۔اس سے قبل سیمی فائنل میچ میں کپل کو ایران کے ایس بنیتبا خرم آبادی کے خلاف 0-10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ خواتین کے 48 کلوگرام جے2 زمرے کے کوارٹر فائنل میں ہندوستان کی کوکیلا کو قازقستان کی اکمرل نوت بیک سے 0-10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پرمار نے کوارٹر فائنل میچ میں وینزویلا کے ڈینس مارکوس بلانکو کو ایپون کے ذریعے 10-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔خواتین کے 48 کلوگرام جے2 کوارٹر فائنل میں ہندوستانی کھلاڑی کوکیلا کو ازبکستان کی نوت بیک اکمرل کے ہاتھوں 0-10 کے اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد ریپیچج اے کے جے2 فائنل میں کوکیلا کو یوکرین کی یولیا ایوانیتسکا سے 0-10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔