اجیت نے جیولین تھرو میں ،شرد نے ہائی جمپ میں،سچن نے شاٹ پٹ میںچاندی کے تمغے جیتے سندر ،دپتی اورماریپن نے جیتےکانسے کے تمغے

0
6

پیرس، 4 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی کھلاڑی اجیت سنگھ نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس پیرا اولمپکس کے جیولین تھرو ایف 46 زمرے کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ ہم وطن سندر سنگھ گجر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔منگل کی دیر رات ہوئے میچ میں اجیت سنگھ نے 65.62 میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ مقابلے کے دوران سندر سنگھ گرجر 64.96 میٹر کے اپنے چوتھے تھرو کے بعد دوسرے نمبر پر تھے، لیکن اجیت سنگھ نے واپسی کرتے ہوئے 65.62 میٹر کے تھرو کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔میچ کے بعد اجیت نے کہا ’’میں نے ٹوکیو (2020) میں ہوئے پیرا اولمپکس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا، اس لیے اس بار میں نے تمغے پر توجہ مرکوز کی ، اس کے رنگ کے تمغے پر نہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ میری توجہ گولڈ پر نہیں تھی، میں صرف کوئی بھی تمغہ جیتنا چاہتا تھا، اس لیے میں بہت خوش ہوں۔انہوں نے کہا “میں گزشتہ سال عالمی چیمپئن تھا، لیکن اس سال کوبے میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں مجھے صرف کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ میں اس وقت اچھی حالت میں نہیں تھا، کیونکہ میری توجہ پیرس (2024) کے لیے تیار ہونے پر تھی۔ انہوں نے کہا۔’’ تو اس ایک چاندی کے تمغہ کا مطلب سب کچھ ہے۔ ابھی بہتری کی گنجائش ہے لیکن یہاں میں تمغہ جیتنا چاہتا تھا اور چاندی کا تمغہ بہت اچھا ہے۔
وہیں ہندوستانی کھلاڑی شرد کمار نے مردوں کی اونچی چھلانگ میں چاندی کا تمغہ اور ماریپن تھنگاویلو نے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔منگل کی دیر رات ہوئے مقابلے میں شرد کمار نے ہائی جمپ ٹی 63 کے فائنل میں 1.88 میٹر چھلانگ لگا کر پیرا لمپک ریکارڈ کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ یہ شرد کمار کا دوسرا پیرا اولمپک تمغہ تھا۔ انہوں نے ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں 1.83 میٹر کی چھلانگ لگا کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔امریکہ کی ایزرا فریچ نے 1.94 میٹر کی چھلانگ لگا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ماریپن تھنگاویلو نے ہائی جمپ ٹی 63 فائنل میں 1.85 میٹر کی چھلانگ لگا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ لگاتار تین کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔ انہوں نے ریو 2016 میں 1.89 میٹر کی چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ جیتا تھا اور ٹوکیو 2020 میں 1.86 میٹر کی کوشش سے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اس کے علاوہ ہندوستانی شاٹ پٹ ایتھلیٹ سچن سرگیراؤ کھلاڑی نے بدھ کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس پیرا اولمپکس کے شاٹ پٹ ایونٹ میں ایشیائی ریکارڈ کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔آج یہاں منعقدہ میچ میں کھلاڑی سچن سرگیراؤ کھلاڑی نے شاٹ پٹ ایف 46 میں 16.32 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے اپنا 21 واں تمغہ جیت لیا ہے۔دریں اثنا، ہم وطن محمد یاسر اور روہت کمار 14.21 میٹر اور 14.10 میٹر کے تھرو کے ساتھ 8ویں اور 9ویں نمبر پر رہے۔کناڈا کے پیرا ایتھلیٹ گریگری اسٹیورٹ نے 16.38 میٹر تھرو کے ساتھ طلائی اور کروشیا کے لوکا باکووچ نے 16.27 میٹر کے ذاتی بہترین تھرو کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔