راولپنڈی 30، اگست :پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے باعث ٹاس 12 بج کر 45 منٹ تک نہیں ہوسکا۔ اس کے بعد بارش نہ رکنے کی وجہ سے امپائرز نے پہلے دن کا کھیل ختم کر دیا۔نظم الحسین شانتو کی کپتانی میں بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف 10 وکٹوں سے تاریخی فتح اپنے نام کی تھی۔ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسپیشلسٹ اسپنر کو نہیں کھلایا تھاجس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑا۔ اسی وجہ سے دوسرے میچ میں لیگ اسپنر ابرار احمد کو پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کی جیت میں اسپنرز شکیب الحسن اور مہدی حسن معراج نے اہم کردار ادا کیا تھا۔