تروبا، 29 اگست (یو این آئی) شی ہوپ (40) اور نکولس پورن (35) رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بارش سے متاثرہ تیسرے ٹی -20 میچ میں جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی ہے۔109 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پہلے ہی اوور میں ایلک ایتھنیز (1) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد شی ہوپ اور نکولس پورن نے اننگ کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ شی ہوپ نے 24 گیندوں پر چار چھکے اور ایک چوکا لگا کر 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نکولس پورن نے 13 گیندوں میں چار چھکے اور دو چوکے لگاتے ہوئے 35 رنز بنائے۔ شمون ہیٹمار 17 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 31 رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے 9.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے بیورن فورٹین اور اوٹنیل بارٹ مین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بارش کے باعث کھیل ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا اور اوورز کی تعداد 13 اوورز کر دی گئی۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی جنوبی افریقہ نے مقررہ 13 اوورز میں چار وکٹوں پر 108 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے پانچویں اوور میں ریزا ہیڈرکس (9) کا وکٹ گنوا دیا۔ جنوبی افریقہ کے لیے ٹرسٹن اسٹبس نے 15 گیندوں میں تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ کپتان ایڈم مارکرم نے 12 گیندوں میں 20 اور ریان رکلٹن نے (27) رن بنائے۔ جیسن اسمتھ اور وی مولڈر ایک ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو فورڈ اور عقیل حسین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔