لندن، 28 اگست (یو این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بدھ کو جاری کی گئی ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی میں ہندوستان کے بلے باز وراٹ کوہلی 737 پوائنٹس کے ساتھ دو درجے چڑھ کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے بابر اعظم چھ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور 881 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ڈیریل مشیل 768 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری والی اننگز کھیلنے والے پاکستانی کرکٹر محمد رضوان سات درجے ترقی کر کے آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کے ساتھ مشترکہ طور پر دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں تین درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بروک نے اعظم، اسٹیون اسمتھ اور ہندوستانی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بروک نے سری لنکا کے ساتھ حالیہ ٹیسٹ سیریز میں اپنی شاندار بلے بازی کا فائدہ اٹھایا۔