پٹنہ26اگست: بہار میں پُل منہدم ہونے کے واقعات لگاتار پیش آ رہے ہیں، لیکن اب ایک ایسا معاملہ سامنے آ رہا ہے جہاں پُل کا افتتاح بھی نہیں ہوا اور اس کی سڑک دھنس گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویشالی ضلع کے حاجی پور میں راماشیش چوک پر پُل پر بنی سڑک ٹوٹ گئی ہے اور اس کی تصویریں اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ حاجی پور-چھپرہ شاہراہ پر سڑک دھنس جانے کے بعد راستے سے گزر رہے آر جے ڈی رکن اسمبلی مکیش روشن نے جب یہ دیکھا تو وہ اسے دیکھنے پہنچ گئے اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو فون کر کے واقعہ کی جانکاری دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پہلے پُل پر آمد و رفت بند کروائی گئی اور پھر بتایا گیا کہ پُل چھ ماہ پہلے ہی بن کر تیار ہوا ہے۔ پُل بنتے ہی آمد و رفت شروع کر دی گئی۔ پُل سے چھوٹی اور بڑی گاڑیاں آنے جانے لگیں۔ حاجی پور-چھپرہ سڑک ابھی زیر تعمیر ہے اور اس سڑک کا ابھی تک افتتاح بھی نہیں کرایا گیا ہے۔ اگر صحیح وقت پر پُل پر آمد و رفت بند نہیں ہوتی تو کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ اس حادثے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بہار میں بدعنوانی کا اب بھی بول بالا ہے۔