نئی دہلی، 24 اگست (یو این آئی) حکومت کے پیش کردہ وقف ترمیمی بل 2024کو انتہائی خطرناک اور وقف جائداد پر قبضہ کی منصوبہ بند کوشش قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی(آپ) کے رکن پارلیمنٹ اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے رکن سنجے سنگھ نے کہاکہ یہ مشکل ترین لڑائی ہے اور اس میں گردوارہ پربندھک کمیٹی اور دوسرے اقلیتوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ اگلا نمبر ان ہی کا ہوگا۔انہوں نے یہ بات انڈین مسلمس فار سول رائٹس (آئی ایم سی آر) کے زیر اہتمام وقف ترمیمی بل 2024پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ یہ طویل لڑائی ہے اور یہ نہ صرف آئین اور مسلمانوں کے خلاف ہے بلکہ یہ ہندوؤں کے بھی خلاف ہے۔ اگر حکومت اس میں کامیاب ہوئی تو اگلا نشانہ، سکھ، بودھ اور ہندوؤں کے مٹھوں کی جائداد ہوگی۔ اس لئے یہ لڑائی مشترکہ ہے اور سب کو مل کر لڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت یہ کہتی ہے مسلم خواتین کے حق کیلئے یہ ترمیمی بل لایاجارہاہے تو کیا حکومت نے کی مسلم خاتون سے اس بل کے سلسلے میں مشورہ کیا؟انہوں نے کہاکہ وہ پارٹی اور حکومت مسلمانوں کی فلاح و بہبود کی بات کرتی ہے لیکن اس کا ایک بھی ایم پی مسلمان ہے، ایک بھی مسلم وزیر نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بل ہندوستان کے خوبصورت تانے بانے کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔