لکھنؤ، 23 اگست (یو این آئی) لکھنؤ میں 24 اور 25 اگست کو ہونے والی ڈبلیو ایم ایس کے ایف آل انڈیا کراٹے چیمپئن شپ-2024 میں اتر پردیش سمیت مختلف ریاستوں کے 400 کھلاڑی تمغوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔ورلڈ ماڈرن شوٹوکان کراٹے فیڈریشن، انڈیا کے زیراہتمام ورلڈ ماڈرن شوٹوکان کراٹے فیڈریشن، اتر پردیش کی جانب سے دو روزہ چیمپئن شپ کے میچ چوک اسٹیڈیم کے لال جی ٹنڈن ملٹی پرپز ہال میں کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے موقع پر آج کھلاڑیوں کا وزن بھی کیا گیا۔ اتر پردیش ایسوسی ایشن کے سکریٹری سنتوش کمار نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں 78 طلائی، 78 چاندی اور 156 کانسے کے تمغوں کے لیے مقابلہ ہوگا۔ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 78 کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے جن میں کمائٹ کی 62 ویٹ کیٹیگریز اور لڑکوں اور لڑکیوں کی کاتا کی 16 کیٹیگریز شامل ہیں۔