لوزانے، 23 اگست (یو این آئی) پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے نیزہ پھینکنے والے اسٹار کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ڈائمنڈ لیگ میں 89.49 تھرو کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ نیرج نےآج سوئزرلینڈ کے لوزانے میں ڈائمنڈ لیگ 2024 کے مقابلے میں اپنی آخری کوشش میں 89.49 میٹر کا اس سیزن کا بہترین تھرو کیا۔نیرج نے ڈائمنڈ لیگ میٹنگ سیریز ٹیبل میں ٹاپ چھ میں جگہ بنا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس تھرو کے ساتھ نیرج نے پیرس اولمپکس میں پھینکا گیا 89.45 میٹر کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ہندوستانی کھلاڑی کا پہلا تھرو 82.10 میٹر تھا، دوسرا تھرو 83.21 میٹر ، تیسرا تھرو 83.31 میٹر ، چوتھا تھرو 82.34 میٹر اور پانچویں تھرو میں انہوں نے 85.58 میٹر دور نیزہ پھینکا ۔ اس کے بعد نیرج نے اپنے آخری تھرو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 89.49 میٹر کے ریکارڈ تھرو کے ساتھ ڈائمنڈ لیگ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔