نئی دہلی 21 اگست (یو این آئی) ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس اور آفیشلز کا پہلا گروپ پیرس پیرالمپکس 2024 کی تیاری کے لیے فرانس روانہ ہو گیا ہے۔ دستے میں چار پیرا ایتھلیٹس شامل ہیں جو مختلف ایتھلیٹک مقابلوں میں پرفارم کریں گے۔ ان کھلاڑیوں میں پریتی پال (ٹی 12 ایتھلیٹکس کیٹیگری)، سمرن (ٹی 12 ایتھلیٹکس کیٹیگری)، محمد یاسر (ایف 46 شاٹ پٹ)، روی رنگولی (مردوں کے شاٹ پٹ ایف 40) شامل ہیں۔ ایتھلیٹس کے ساتھ پیرا ایتھلیٹکس کے چیف کوچ ستیہ نارائن اور ہندوستانی پیرا اولمپک کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو راہول سوامی بھی ہیں۔ اس سے ٹیم کو پیرس کے مقامی حالات اور موسم کے مطابق ڈھالنے کے لیے ضروری رہنمائی اور مدد ملے گی۔ اس بار 84 کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی دستہ 12 مقابلوں میں حصہ لے گا۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا گروپ ہے۔پیرا ایتھلیٹکس کے چیف کوچ ستیہ نارائن نے کہا، ”ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی تربیت کے دوران بہت محنت کی ہے۔ وہاں جلد پہنچنا اور پیرس کے حالات سے ہم آہنگ ہونا ہماری حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ تیاری ہمیں مقابلے پر برتری دلائے گی۔‘‘ پی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو راہول سوامی نے کہا، پیرالمپکس ہمارے کھلاڑیوں کی طاقت اور کارکردگی کو ظاہر کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ “ہمیں یقین ہے کہ پیرس میں تیاری کا یہ مرحلہ انہیں گیمز کے آغاز میں اپنے عروج پر پرفارم کرنے کے قابل بنائے گا۔”
کوبی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی سمرن نے کہا، ”میں پیرس پیرا اولمپکس میں کوبی چیمپئن شپ کی کارکردگی کو دہرانے کے لیے پراعتماد ہوں۔ تیاری بہت اچھی رہی ہے اور میں اپنا بہترین دینے کے لئے تیار ہوں۔