میلبورن، 19 اگست (یو این آئی) خواتین کی بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) ڈرافٹ کے کھلاڑیوں کے پہلے گروپ میں ہندوستانی خواتین ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور سمیت تین ہندوستانی کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔ لیگ کے لیے نامزدگی ختم ہونے کے بعد، پیر کو بی بی ایل اور ڈبلیو بی بی ایل کے ڈرافٹ کے پہلے گروپ کے 10 کھلاڑیوں کے نام جاری کیے گئے۔ ان 10 کھلاڑیوں میں ہرمن پریت کور، دپتی شرما اور جمیما روڈریگس کے نام بھی شامل ہیں۔کور کومیلبورن رینیگیڈزریٹین کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ شبنم اسماعیل (ہوبارٹ ہریکینز)، ڈینی وائٹ (پرتھ اسکارچرز)، لورا وولوارڈٹ (ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز)، ایلس کیپسی (میلبورن اسٹارز)، ہیتھر نائٹ (سڈنی تھنڈر) اور سوزی بیٹس (سڈنی سکسرز) کو بھی معاہدے والی ٹیم کے ذریعہ ریٹین کیا جاسکتا ہے۔انگلینڈ کی کپتان ہیتھر نائٹ کے ساتھ ساتھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک بولر سوفی ایکلسٹن کا نام بھی اس ڈرافٹ میں شامل ہے۔ کھلاڑیوں کو پلاٹینم، طلائی، چاندی اور کانسے کے زمرے میں رکھا گیا ہے اور ڈرافٹ کے دوران کلبوں کو کم از کم دو کا انتخاب کرنا ہوگا۔