ممبئی13اگست: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے منگل کو کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی بیوی کو اپنی بہن کے خلاف لڑانا ان کی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ میں اپنی تمام بہنوں سے پیار کرتا ہوں۔‘‘ خیال رہے کہ اجیت پوار کی بیوی سنیترا پوار بارامتی لوک سبھا حلقہ سے سپریا سولے کے خلاف الیکشن لڑی تھیں اور سپریا سولے سے ہار گئی تھیں۔ مہاراشٹر میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور اجیت پوار ریاست گیر ‘جن سمان یاترا پر نکلے ہیں۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ گھر کے اندر سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’اپنی تمام بہنوں سے پیار کرتا ہوں۔ میں نے اپنی بہن کے خلاف سنیترا کو میدان میں اتار کر غلطی کی۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ (این سی پی) پارلیمانی بورڈ نے یہ فیصلہ لیا تھا۔ لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک غلط فیصلہ تھا۔‘‘ اجیت پوار کے بیان پر اب اپوزیشن لیڈروں کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ شرد پوار کی بیٹی اور اجیت پوار کی چچازاد بہن سپریا سولے نے اس بیان پر کہا کہ انہیں ابھی تک اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ انہوں نے ٹی وی نہیں دیکھا۔ وہیں، کانگریس لیڈر مانیکراؤ نے کہا کہ آہستہ آہستہ اجیت پوار کو اپنی تمام غلطیوں کا احساس ہو جائے گا۔ بارامتی سیٹ کا لوک سبھا انتخاب کافی زیر بحث رہا تھا۔ اس سیٹ پر طویل عرصے سے شرد پوار کا قبضہ ہے لیکن اجیت پوار کی بغاوت اور پھر سُپریا سولے کے خلاف سنیترا پوار کو ٹکٹ دینے کی وجہ سے یہ سیٹ کافی خبروں میں رہی۔ تاہم، شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے نے یہ انتخاب جیت لیا تھا۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر میں اپوزیشن کے لیڈر اجیت پوار نے شرد پوار کو اس وقت بڑا جھٹکا دیا تھا جب وہ اپنے حمایت یافتہ ارکان اسمبلی کے ساتھ راج بھون پہنچ گئے تھے اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔