نئی دہلی13اگست: کولکاتا میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کو مبینہ طور پر جنسی استحصال کے بعد قتل کرنے کے معاملہ ملک بھر میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں ملک بھر کے ڈاکٹروں نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور او پی ڈی خدمات معطل کر دی ہیں۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن (فیما) نے آج منگل 13 اگست سے ملک گیر احتجاج اور او پی ڈی اور دیگر خدمات بند رکھنے کی کال دی ہے۔ خیال رہے کہ 9 اگست کو کولکاتا کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک خاتون پوسٹ گریجویٹ ٹرینی (پی جی ٹی) ڈاکٹر کے جنسی ہراسانی اور قتل کے واقعہ پر ڈاکٹر کئی دن سے احتجاج کر رہے ہیں۔ فیما نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’ہم ہندوستان بھر میں احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ملک بھر کے ڈاکٹروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آج سے اس احتجاج میں شامل ہو جائیں۔ ہم انصاف چاہتے ہیں۔‘‘
دریں اثنا، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ بربریت کے واقعے کے بارے میں فوری کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔ آئی ایم اے نے اس معاملے کی منصفانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ نیز، ایسوسی ایشن نے ان حالات کی تفصیلی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جن کی وجہ سے ایسا جرم کیا گیا۔ فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آئی ایم اے نے درخواست کی کہ کام کی جگہ پر ڈاکٹروں، خاص طور پر خواتین کی حفاظت میں اضافہ کے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔