کوالالمپور، 13 اگست (یو این آئی) بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) نے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ہندوستانی پیرا اولمپک بیڈمنٹن کھلاڑی پرمود بھگت پر 18 ماہ کی پابندی لگا دی ہے۔ بی ڈبلیو ایف کی اس پابندی کی وجہ سے پرمود 28 اگست سے پیرس میں شروع ہونے والے پیرا اولمپکس میں نہیں کھیل سکیں گے۔ بی ڈبلیو ایف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، “1 مارچ 2024 کو، کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹ (سی اے ایس) اینٹی ڈوپنگ ڈویژن نے بھگت کو 12 ماہ کے اندر تین بار اپنے ٹھکانے کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنے پر بی ڈبلیو ایف اینٹی ڈوپنگ قوانین کا قصوروار پایا۔ ایس ایل 3 ایتھلیٹ بھگت نے فیصلے کے خلاف سی اے ایس اپیل ڈویژن میں اپیل کی۔ 29 جولائی 2024 کو سی اے ایس اپیل ڈویژن نے بھگت کی اپیل کو خارج کر دیا اور سی اے ایس اینٹی ڈوپنگ ڈیپارٹمنٹ کے یکم مارچ 2024 کے فیصلے کی توثیق کی۔ سی اے ایس کے ڈوپنگ ڈیپارٹمنٹ نے یکم مارچ 2024 کو اس فیصلے کے بارے میں بتایا کہ یہ پابندی یکم ستمبر 2025 تک نافذ رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ بیڈمنٹن کھلاڑی پرمود بھگت نے ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔