یوم آزادی پر کبڈی کو توجہ ملنا بڑی بات ہوگی: اسلم

0
7

نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) یوم آزادی پر پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) سیزن 11 کے کھلاڑیوں کی نیلامی کے حوالہ سے پرجوش کبڈی اسٹار اسلم انعامدار نے کہا کہ کبڈی ہندوستان کا کھیل ہے اور یوم آزادی پر اس کھیل کو توجہ ملنا بہت بڑی بات ہوگی۔ اسلم پرو کبڈی لیگ (پی کی ایل) سیزن 10 کے سب سے قیمتی کھلاڑی رہے ہیں۔ پونیری پلٹن کے کپتان اسلم انعامدار نے گزشتہ سیزن میں پہلی بار اپنی ٹیم کو پی کے ایل ٹائٹل جتوایا تھا۔ دفاعی چیمپئن نے ایک بار پھر اپنی فاتح ٹیم پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور سیزن 11 کے لیے 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔نئے سیزن کے لیے اپنے اسکواڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسلم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کے کور گروپ کو برقرار رکھا ہے۔ ہمیں یوتھ پلٹن اکیڈمی سے آنے والے اور پرو کبڈی لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اتنے سارے کھلاڑیوں کو دیکھ کر بھی خوشی ہوئی ہے۔ گزشتہ سیزن میں ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے درمیان رشتہ بہت مضبوط تھا اور اب کھلاڑیوں کے ساتھ یہ رشتہ اس سیزن میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا، “15 اگست جیسے خاص دن پر فرنچائزی کا کھلاڑیوں کے لیے بولی لگانا ایک الگ احساس ہوگا۔
کھلاڑیوں کو یہ بھی یاد رہے گا کہ انہیں یوم آزادی پر کسی فرنچائزی نے خریدا تھا۔ اسلم نے کہا کہ کسی بھی کھیل میں کسی بھی ٹیم کے لیے خطاب کا دفاع ہمیشہ ایک مختلف چیلنج ہوتا ہے۔ تاہم، اسلم نے زور دیکر کہا کہ ٹیم اگلے سیزن میں کوئی اضافی دباؤ نہیں لے گی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم پر کوئی مختلف دباؤ نہیں ہے۔ ہم گزشتہ سیزن میں چیمپئن تھے اور ہمیں دوبارہ لیگ جیتنے کی کوشش کرنی ہوگی۔ اس سیزن میں ہم سب سخت محنت کریں گے اور میٹ پر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پرو کبڈی لیگ سیزن 11 پلیئرز کی نیلامی 15 اگست کو اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک اور ڈزنی + ہاٹ اسٹار پر شام 7 بجے سے لائیو نشر کی جائے گی۔