جمعیتہ علماء ضلع بھوپال کی یوم آزادی کی مناسبت سے اہم اپیل

0
8

بھوپال :09؍اگست (پریس ریلیز)جمعیۃ علماء ضلع بھوپال کے صدر حافظ محمد اسمعیل بیگ صاحب نے مساجد و مدارس کے ائمہ کرام و خطباء اور علماء عظام سے گزارش کی ہے کہ 15 اگست کو یوم آزادی ہے، لہذا اس دن کو جشن آزادی اپنے اپنے مقامات پر پورے جوش و خروش سے منائیں اور ان پروگرامس میں عوام و خواص کو مدعو کرنے کے ساتھ ساتھ برادران وطن کے عوام اور خواص کو بھی بطور خاص شریک فرمائیں، یہ جشن آزادی ہمارا حقیقی حق بھی ہے کیونکہ ملک کی ازادی میں ہمارے مدارس اور مساجد اور خانقاہوں کے علماء کرام کا اہم رول رہا ہے، بدلتے حالات کے تحت ہماری نئی نسل اپنے اسلاف کے ذریعے ملک کی آزادی کے لیے دی گئی قربانیوں سے ناواقف ہوتی جا رہی ہے، جو ہمارے لیے نقصان دہ ہے، سچی بات یہ ہے کہ آج اگر ہمارا ملک آزاد ہے تو اس کے لیے علمائے کرام صوفیائے عظام اور مسلم مجاہدین عوام و خواص کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں ہمارے بزرگوں نے اس ملک کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ لافانی ہے اس لیے علمائے کرام کو چاہیے کہ مدارس میں طلبہ کو اس قربانیوں سے آگاہ کریں اسی طرح وہ ٹیچر حضرات جو اسکولوں میں پڑھاتے ہیں ان کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کے لیے مسلمانوں کی دی گئی قربانیوں سے پڑھنے والے طلبہ و طالبات کو آگاہ کریں اسی طرح ائمہ کرام کے پاس بحمد اللہ ممبر رسول کی شکل میں ایک بہترین پلیٹ فارم میسر ہے جس کے ذریعے مسلمانوں کے تمام طبقات کو مسلم مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکتا ہے اس لیے ائمہ کرام کو اس عنوان پر کھل کر گفتگو کرنی چاہیے ملک کی آزادی میں علمائے کرام کی قربانیوں سے تاریخ کا ہر طالب علم آشنا ہے اور ہر انصاف پسند شخص اس بات کا اعتراف کیے بغیر نہیں رہ سکتا کہ اگر علمائے کرام صوفیائے عظام نہ ہوتے تو آزادی ہند کی تحریک بھی نہ چلتی لیکن افسوس کہ غیروں نے تو ہمارے مجاہدین آزادی کے تذکرے سے پہلو تہی کی ہی تھی اپنوں نے بھی اس معاملے میں کم لاپرواہی کا مظاہرہ نہیں کیا اس لیے اب ضروری ہے کہ اس جانب توجہ دی جائے اس میں کوئی شک نہیں کے آزادی وطن میں ملک کے ہر طبقے نے قربانی دی ہے لیکن یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ آزادی وطن کے لیے جن لوگوں نے سب سے پہلے آواز بلند کی وہ مسلمان ہی تھے اس لیے علمائے کرام مدرسین عظام اور اسکول کے ذمہ داران کلب سوسائٹی اور محلوں کے با اثر لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ ہماری آنے والی نسل کو ان کے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہ کریں اور اس کے لیے اگست کے مہینے میں علمائے کرام اگر جمعہ کے خطاب کے ذریعے کوشش کریں تو امید ہے کہ ہر طبقہ اس تعلق سے ضرور واقف ہوگا اللہ تعالٰی ہمارے ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھے ۔ آمین