گروگرام13جنوری: پولیس نے گروگرام کی ماڈل دیویا پاہوجا کی لاش برآمد کر لی ہے۔ لاش کی تلاش کے لیے این ڈی آر ایف کی 25 رکنی ٹیم پٹیالہ پہنچی تھی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیم گروگرام اور پنجاب پولیس کے ساتھ پٹیالہ سے کھنوری سرحد تک نہر میں لاش کی تلاش کر رہی تھی۔ لیکن دیویا پاہوجا کی لاش ہریانہ کے ٹوہانہ نہر سے برآمد ہوئی، لاش کو نہر سے نکالنے کے بعد پولیس نے دیویا کے گھر والوں کو اس کی تصویر بھیجی، جسے دیکھ کر انہوں نے لاش کی شناخت کی۔ گروگرام کرائم برانچ کی چھ ٹیمیں لاش کی تلاش میں مصروف تھیں۔ خیال رہے کہ دیویا کو 2 جنوری کو گروگرام کے دی سٹی پوائنٹ ہوٹل کے کمرہ نمبر 111 میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ یہ واقعہ ہوٹل کے مالک ابھیجیت سنگھ نے انجام دیا۔ اس معاملے میں مغربی بنگال سے گرفتار بلراج نامی ملزم سے پوچھ گچھ کے بعد ہریانہ پولیس دیویا پاہوجا کی لاش برآمد کرنے میں کامیاب رہی۔ بلراج نے خود پولیس کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ اس نے دیویا کی لاش ہریانہ کی ٹوہانہ نہر میں پھینکی تھی۔ دراصل دیویا پاہوجا قتل کیس کے اہم ملزم ابھیجیت سنگھ نے لاش کو ٹھکانے لگانے کا کام اپنے معاون بلراج گل کو سونپا تھا۔ بلراج ملک چھوڑ کر بنکاک فرار کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اسے اور روی بنگا کو کولکاتا ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ بلراج گل نے دیویا کی لاش اپنے باس ابھیجیت کی بی ایم ڈبلیو کار کے ٹرنک میں ڈالی تھی اور اسے ٹھکانے لگانے کے لیے نکلے تھے۔ اس کام میں روی بنگا ان کا ساتھ دے رہے تھے۔ ابھیجیت سنگھ نے اپنے ہوٹل کے دو عملے کے ساتھ مل کر دیویا کی لاش کو کمبل میں لپیٹ کر اپنی بی ایم ڈبلیو کار کی ڈکی میں رکھا۔ پھر اس نے گاڑی کی چابیاں اپنے خاص معاون بلراج کے حوالے کیں اور لاش کو ٹھکانے لگانے کو کہا۔ ابھیجیت نے اسے اس کام کے لیے 10 لاکھ روپے بھی دیے تھے۔