چنڈی گڑھ، 08 اگست (یواین آئی) پہلوان بجرنگ پونیا نے پہلوان ونیش پھوگاٹ پر ریسلنگ کو الوداع کہنے پر کہاکہ ونیش،آپ ہاری نہیں، ہرایا گیا ہے، ہمارے لیے آپ ہمیشہ فاتح رہوگی۔ آپ ہندوستان کی بیٹی کے ساتھ ساتھ ہندوستان کا فخر بھی ہو۔ مسٹر پونیا نے پھوگاٹ کے اس ٹویٹ کے جواب میں اپنا ردعمل دیا جس میں انہوں نے ریسلنگ کو الوداع کہا تھا۔ مسٹر پونیا نے بعد میں ایک اور ٹویٹ میں کہاکہ “ونیش، ایشور ہر گھر کو آپ جیسی بیٹی عطا کرے۔ آپ کو ہمیشہ ریسلنگ لیجنڈ کے طور پر جانا جاتا رہے گا۔‘‘ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ انہیں کچھ وقت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، میں معذرت چاہتا ہوں کہ میں آپ کی کال یا آپ کے پیغام کا جواب نہیں دے پارہا ہوں۔ انہوں نے لوگوں کی حوصلہ افزائی پر شکریہ بھی ادا کیا۔واضح رہ کہ کل بجرنگ نے اولمپک منتظمین سے ونیش کو چاندی کا تمغہ دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے یہ مطالبہ امریکی ریسلر جارڈن بروز کے ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے کیا جس میں امریکی پہلوان نے قواعد میں تبدیلی کرنے اور ونیش کو چاندی کا تمغہ دینے کی اپیل کی تھی۔