الیکشن کمیشن نے راجیہ سبھا کی 12 خالی سیٹوں کے لیے انتخاب کا کیا اعلان

0
6

نئی دہلی 7اگست: راجیہ سبھا کی 12 خالی سیٹوں پر انتخاب کا اعلان الیکشن کمیشن کے ذریعہ آج کر دیا گیا۔ دی گئی جانکاری کے مطابق سبھی سیٹوں کے لیے ووٹنگ 3 ستمبر کو ہوگی اور 6 ستمبر سے قبل سبھی انتخابی عمل مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن 14 اگست کو جاری کیا جائے گا، 21 اگست کو پرچۂ نامزدگی داخل کیا جائے گا اور پھر 22 اگست کو اسکروٹنی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ 26 اگست تک آسام، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور تریپورہ سے راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے داخل پرچۂ نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ علاوہ ازیں بہار، ہریانہ، تلنگانہ، اڈیشہ اور راجستھان سے راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے داخل پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 اگست ہوگی۔ کمیشن نے بتایا ہے کہ 3 ستمبر کی صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ بعد ازاں ایک گھنٹے میں ووٹ شماری کا عمل انجام پا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے پریس نوٹ میں مطلع کیا ہے کہ آسام سے کامکھیا پرساد تاسا اور سروانند سونوال نے اپنی اپنی سیٹ خالی کی ہے۔ بہار میں میسا بھارتی اور وویک ٹھاکر کی سیٹ خالی ہوئی ہے۔ ہریانہ میں دیپیندر سنگھ ہڈا اور مدھیہ پردیش میں جیوترادتیہ مادھوراؤ سندھیا کی سیٹ خالی ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں ادین راجے بھوسلے اور پیوش ویدپرکاش گویل نے سیٹ خالی کی ہے۔ راجستھان سے کے سی وینوگوپال اور تریپورہ سے وپلب کمار دیب کی سیٹ خالی ہوئی ہے۔ یہ سبھی 10 لوگ لوک سبھا کے رکن بن گئے ہیں۔ دوسری طرف تلنگانہ سے ڈاکٹر کیشوا راؤ اور اڈیشہ سے ممتا مہنتا کی سیٹ خالی ہوئی ہے کیونکہ ان دونوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔