نئی دہلی3اگست: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ کرناٹک حکومت لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ وائناڈ میں متاثرین کے لئے 100 مکانات تعمیر کرے گی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس اعلان کے لئے وزیر اعلیٰ سدارمیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سدارمیا کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ آپ کی وابستگی بحالی کی کوششوں کی طرف ایک اہم قدم ہے ہندوستانیوں کی ہمدردی اور یکجہتی کی اس وقت ضرورت ہے۔ دریں اثنا، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کرناٹک حکومت کے اس اقدام کے لئے وزیر اعلیٰ سدارمیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ پر لکھا، ’’میں وزیر اعلیٰ سدارمیا اور کرناٹک کے عوام کا ہمدردی اور انسانیت کے اس اقدام کے لئے شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘ سدارمیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کرتے ہوئے لکھا، ’’وائناڈ میں ہوئے تکلیف دہ لینڈ سلائڈ کے پیش نظر کرناٹک کیرالہ کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ میں نے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین کو حمایت کا بھروسہ دیا ہ ے اور اعلان کیا ہے کہ کرناٹک متاثرین کے لئے 100 مکانات تعمیر کرے گا۔ ہم ایک ساتھ مل کر از سر نو تعمیر کرتے ہوئے امیدوں کو بحال کریں گے۔‘‘