پیرس، 02 اگست (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے کپتان ہرمن پریت سنگھ کے دو گول کی بدولت جمعہ کو پیرس اولمپک 2024 گیمز میں مردوں کے ہاکی پول بی کے میچ میں آسٹریلیا کو 3-2 سے شکست دی۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے ابھیشیک نے 12ویں منٹ میں اور ہرمن پریت سنگھ نے 13ویں منٹ میں یویس ڈو منوئر اسٹیڈیم میں پہلے کوارٹر میں گول کیا۔ تاہم، تھامس کریگ نے دوسرے کوارٹر کے 25ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر کوکابرس کی میچ میں واپسی کرادی۔ اس کے بعد کپتان ہرمن پریت نے تیسرے کوارٹر میں 32ویں منٹ میں میچ کے لیے اپنے گول کی تعداد کو دوگنا کردیا۔
آخری منٹوں میں بلیک گوورز کے پنالٹی گول نے میچ کو دلچسپ موڑ پر پہنچا دیا۔ لیکن ہندوستان نے اپنی شاندار کارکردگی کو آخر تک جاری رکھا اور تین پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ قابل ذکر ہے کہ میونخ 1972 کے بعد اولمپک ہاکی میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی یہ پہلی فتح ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا اور پول بی میں تین جیت، دو ڈرا اور ایک ہار کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ آسٹریلیا تین جیت اور دو ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ موجودہ اولمپک چیمپئن بیلجیئم گروپ میں سرفہرست ہے جبکہ ارجنٹائن ٹاپ فور میں ہے۔