بھوپال، 12 جنوری (ہ س)۔ آج وویکانند جینتی ہے جسے قومی یوم نوجوان کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر آج ریاست کے اسکولوں میں بڑے پیمانے پر سوریہ نمسکار کا اہتمام کیا گیا۔ راجدھانی کے شیواجی نگر میں واقع گورنمنٹ سبھاش ایکسی لینس اسکول میں ریاستی سطح کے بڑے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے یہاں اسکولی بچوں کے ساتھ اجتماعی سوریہ نمسکار اور پرانایام کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ سوامی وویکانند نے دنیا میں ہندوستان کا وقار بڑھایا تھا۔آج وزیر اعظم نریندر مودی بھی دنیا میں ہندوستان کی عزت بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر یادو آج سوامی وویکانند جینتی پر قومی یوم نوجوان کے موقع پریہاں سبھاش گورنمنٹ ایکسی لینس ہائیر سیکنڈری اسکول میں اجتماعی سوریہ نمسکار پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ پروگرام میں تعمیرات عامہ کے وزیر راکیش سنگھ، نئی اور قابل تجدید توانائی کے وزیر راکیش شکلا، پسماندہ طبقات اور اقلیتی بہبود کی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) کرشنا گور، ریاستی وزیر برائے حیوانات اور ڈیری (آزادانہ چارج) لکھن سنگھ پٹیل، رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور ایم ایل اے بھگوان داس سبنانی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ اور موجود مہمانوں نے پروگرام میں سبھی کے ساتھ سوریہ نمسکار اور یوگا کیا۔ ڈاکٹر یادو نے نیشنل یوتھ ڈے پر اجتماعی سوریہ نمسکار پروگرام میں سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کو قومی یوم نوجوان کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم مسٹرمودی نے 21 جون کو عالمی یوم یوگا کے طور پر دنیا میں تسلیم کرایا ہے۔ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹرمودی کی قیادت میں ہندوستان پوری دنیا میں اپنا وقار بڑھانے میں کامیاب رہا ہے۔