نئی دہلی25جولائی:مرکزی حکومت نے عام آدمی پارٹی کو دفتر کے لیے جگہ الاٹ کر دی ہے۔ ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو جگہ الاٹ کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے مطابق روی شنکر شکلا لین پر واقع بنگلہ نمبر ایک الاٹ کیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ہائی کورٹ سے دخواست کی تھی کہ وہ مرکزی حکومت کو پارٹی دفتر کے لیے جگہ الاٹ کرنے کی ہدایت دے۔ عام آدمی پارٹی کی درخواست پر دہلی ہائی کورٹ نے ایک ہفتہ قبل ہی مرکزی حکومت کو جگہ فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے اس کے لیے 25 جولائی تک کا وقت دیا تھا۔ دراصل سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کو راؤز ایونیو میں واقع اپنے موجودہ دفتر کو خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس کے لیے عام آدمی پارٹی کو 10 اگست تک کا وقت دیا ہے۔ مارچ کے شروع میں، سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کو اپنا راؤز ایونیو کا دفتر خالی کرنے کے لیے 15 جون تک کا وقت دیا تھا۔ یہ زمین دہلی ہائی کورٹ کی توسیع کے لیے الاٹ کی گئی تھی۔ عام آدمی پارٹی نے مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی کہ اسے اپنا قومی دفتر کھولنے کے لیے جگہ فراہم کیا جائے۔ یہ معاملہ ہائی کورٹ تک پہنچا۔ 5 جون کو عدالت نے مرکز کو عام آدمی پارٹی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے چھ ہفتے کا وقت دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی دیگر قومی سیاسی پاریٹوں کی طرح دہلی میں پارٹی دفتر کے لیے جگہ کی حقدار ہے۔ ہائی کورٹ میں 17 جولائی کو دوبارہ سماعت ہوئی۔ مرکزی ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے تحت اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ نے عدالت کی ہدایت پر عمل کرنے کے لیے مزید چار ہفتوں کا وقت مانگا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ نے کہا تھا کہ اس وقت وہ ارکان اسمبلی کو مکانات الاٹ کرنے میں بہت مصروف ہیں۔