شہید اعظم، دیش رتن،شیر ہند، شیر میسور، عادل و رعایا پرور، مذہبی رواداری کے علمبردار،عظیم مجاہد آزادی ٹیپو سلطان یقینا کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔لیکن نئی نسل اور ہمارے نونہالوں کو عظیم مجاہدین آزادی کی حیات سے روشناس کرانے کے لئے وقتاً فوقتاً دانشوروں نے کتاب لکھی ہے۔ اسی سلسلہ میں معروف و مشہور شخصیت سید نصیر احمد نے نہایت ہی عرق ریزی سے شہید اعظم ٹیپو سلطان پر ایک جامع کتاب تحریر کی ہے،جس کا رسم اجراء آج کے جی این(K.G.N) اسکول آف ایکسیلنس کے احاطے میں عمل میں آیا۔حاضرین کو یہ کتاب مفت تقسیم کی گئی۔ مذکورہ پروگرام میں کتاب کے رسم اجراء کے علاوہ برائٹ ہوریزونس فائونڈیشن حیدرآباد( Bright Horizons Foundation) اور بے نظیر انصار ایجوکیشنل اینڈر ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے تیار کئے گئے مجاہدین آزادی کے اسٹیکرس کو بھی طلباء کے درمیان تقسیم کیا گیا،یہ اسٹیکرس خاص طور پر اسکولی طلباء و طالبات کے لئے تیار کئے گئے ہیں اور اس کا مقصد صرف طلباء و طالبات کو جنگ آزادی کے عظیم سپوتوں سے روشناس کرانا ہے،اس موقع پر سوسائٹی کے صدر ایم ڈبلیو انصاری نے اسکول کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ اسکول انتظامیہ اپنے بچوں کو یہ اسٹیکرس فراہم کرے تاکہ یہ بچے آزادی کی لڑائی میں اپنا سب کچھ قربان والی عظیم شخصیات سے واقف ہو سکے۔حاضرین مجلس نے بے نظیر انصار ایجوکیشنل سوسائٹی کے اس اقدام کی خوب پذیرائی کی اور عزم کیا کہ اپنی سطح پر ہر ممکن کوشش کریں گے جس سے ہمارے آنے والی نسل مجاہدین آزادی سے متعارف ہو سکے۔سبھی نے یک زبان ہوکر یہ عزم کیا کہ ہر سال پورے اگست کے مہینے میں مجاہدین آزادی کے اسٹیکرس کو بنا کر بچوں میں تقسیم کریں گے اور ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے ،ساتھ ہی یہ عزائم بھی کئے گئے کہ برکت اللہ یونیورسٹی کو سنٹرل یونیورسٹی کا درجہ دیا جانا چاہئے اس کے لئے حکومت سے مطالبہ کریںگے،اُردو زبان کے فروغ کے لئے کام کریں گے، قوم و ملت کے لئے فلاحی کام کریں گے۔اس پروگرام میں خاص طور پر پروفیسر نگار صاحب چنئی، پروفیسر فاطمہ پرنسپل سی بی ایس ای اسکول چنئی، نعیم صدیقی سابق ڈائریکٹر این آئی سی، پرنسپل کے جی این اسکول آف ایکسلنس خلیق الرحمان صاحب ، وائس پرنسپل عبید الرحمان صاحب ،سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس محترم ایم ڈبلیو انصاری صاحب، اُردو ٹیچر جمع مسعودصاحبہ، اے ایم پی ہیڈ محترم رفعت فاروقی صاحب ،ڈائریکٹر انوار العلوم محترم کلیم اختر صاحب،ڈاکٹر نعیم صدیقی صاحب، ایم ایس حسین صاحب اور بڑی تعداد میں کے جی این اسکول کے بچے واسٹاف موجود رہا۔