ممبئی، 25 جولائی (یو این آئی) ممبئی میں منعقد ہونے والی پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) سیزن 11 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 15 اور 16 اگست کو ہوگی۔ لیگ آرگنائزر مشال اسپورٹس کے مطابق نئے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 15 اور 16 اگست کو ہوگی۔
مشال اسپورٹس نے پرو کبڈی لیگ سیزن 11 سے قبل نیا لوگو بھی جاری کیا ہے۔ لوگو میں زعفرانی اور سبز رنگ ہندوستانی ترنگے کی علامت ہیں اور کبڈی کو ملک کے قابل فخر کھیل کے طور پر ظاہر کرتے ہیں۔پرو کبڈی لیگ کے لیگ کمشنر انوپم گوسوامی نے کہا، ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پرو کبڈی سیزن 11 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی اس سال یوم آزادی پر ہو رہی ہے۔ کبڈی کئی صدیوں سے ہندوستان کا ایک منفرد اور مقبول کھیل رہا ہے اور اب یہ پرو کبڈی لیگ کی شکل میں عالمی معیار کے مسابقتی کھیل کے طور پر اپنا مقام حاصل کر رہا ہے۔ یہ امیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) کی نگرانی میں پرو کبڈی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ ملک کے کبڈی ایکو سسٹم کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
ہم اس کامیابی کو سیزن گیارہ کھلاڑیوں کی نیلامی میں حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائیں گے۔ لیگ کا سفر ایک دہائی قبل ممبئی میں یو ممبا اور جے پور پنک پینتھرز کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے سے شروع ہوا تھا۔ 2 دسمبر 2023 سے 1 مارچ 2024 تک پرو کبڈی لیگ کے دسویں سیزن کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کے بعد یہ لیگ 10 سیزن مکمل کرنے والی ہندوستان کی دوسری اسپورٹس لیگ بن گئی ہے۔
امیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) کی سرپرستی اور منظوری کے تحت، مشال اسپورٹس اور ڈزنی اسٹار نے پرو کبڈی لیگ کو ہندوستان کی سب سے کامیاب کھیلوں کی لیگوں میں سے ایک بنا دیا ہے۔ پرو کبڈی لیگ نے ہندوستان کے مقامی کھیل کبڈی اور اس کے کھلاڑیوں کی قومی اور پوری دنیا میں تصویر بدل دی ہے پرو کبڈی لیگ میں اپنے بہت سے کھلاڑیوں کی شرکت کو دیکھنے کے بعد بہت سے کبڈی کھیلنے والے ممالک نے بھی اپنے گھریلو کبڈی پروگرام کو مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔