دمبولا، 24 جولائی (یو این آئی) شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرنے کے بعد کپتان چماری اٹاپٹو ناٹ آؤٹ (49) وشمی گنارتنے ناٹ آؤٹ (39) کی شاندار بلے بازی کی بدولت سری لنکا بدھ کے روز تھائی لینڈ کو شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں داخل ہو گئی۔سری لنکا کی چماری اٹاپٹو اور وشمی گونارتنے کی اوپننگ جوڑی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11.3 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 94 رنز کا ہدف حاصل کر کے اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں سے جیت دلادی۔ چماری اٹاپٹو نے 35 گیندوں میں دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست (49) رنوں کی اننگ کھیلی اور وشمی گنارتنے نے 34 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناقابل شکست (39) رن بنائے۔
اس سے قبل آج یہاں تھائی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کرنے اتری تھائی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ پہلے ہی اوور میں اچینی کلاسوریہ نے این بوچاتھم (0) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد اے سوانچونراتھی اور ایک کونچارونکائی نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دوسرے وکٹ کے طورپر سوونچونراتھی (12) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ کپتان تھیپچا پوتھاونگ نے (13) رن بنائے۔ این کونچارونکائی نے 53 گیندوں میں ناقابل شکست 47 رنز کی جدوجہد سے پر اننگ کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 93 رنز تک پہنچا دیا۔ روزنان کنوہ بھی پانچ رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکن بولنگ کے خلاف تھائی لینڈ کے 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ سری لنکا نے تھائی لینڈ کے سات بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ کویشا دلہاری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اچینی کلاسوریا، سوگندھیکا کماری، انوشی پریہ درشنی اور چماری اٹاپٹو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔