ممبئی، 18 جولائی (یو این آئی) سری لنکا کے دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم کا آج اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہندوستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کمان سوریہ کمار یادو کو سونپی گئی ہے جبکہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی روہت شرما کے پاس رہے گی۔ ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی )کے سکریٹری جے شاہ نے آج شام ایک ریلیز کے ذریعے یہ معلومات مشترک کیں۔ ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔ گوتم گمبھیر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کی تلاش شروع کر دی گئی تھی۔ کپتانی کی دوڑ میں ہاردک پانڈیا اور سوریہ کمار یادو کے نام سرفہرست تھے جس میں سوریا کمار کو نئے کوچ گوتم گمبھیر کی پسند سمجھا جا رہا تھا۔شاہ نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان شبمن گل ہوں گے۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں یشسوی جیسوال، رنکو سنگھ، ریان پراگ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، ارشدیپ سنگھ، خلیل احمد اور محمد سراج شامل ہیں۔
ون ڈے ٹیم میں بھی شبمن گل نائب کپتان کے کردار میں ہوں گے۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں وراٹ کوہلی، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شریس ایر، شیوم دوبے، کلدیپ یادو، محمد سراج، واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ، ریان پراگ، اکسر پٹیل، خلیل احمد اور ہرشیت رانا شامل ہیں۔شاہ نے کہا کہ بی سی سی آئی آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25 میں کھلاڑیوں کی دستیابی اور شرکت کی نگرانی جاری رکھے گا۔ ٹیم انڈیا اس سیریز میں تین ٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے میچ کھیلے گی۔ سیریز کے تمام ٹی ٹوئنٹی میچز 27، 28 اور 30 جولائی کو پلیکیل میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 2 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 4 اور 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔