بنگلورو، 16 جولائی (یو این آئی) کرناٹک اسمبلی نے منگل کو متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور سابق ہیڈ کوچ راہول دراوڑ کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کی تاریخی جیت پر مبارکباد دی گئی۔ قرارداد اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی کھادر نے پڑھی، جنہوں نے ورلڈ کپ میں اس کی شاندار کامیابی پر ٹیم کی تعریف کی۔ روہت شرما کی قیادت اور دراوڑ کی رہنمائی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو سات رن سے شکست دے کر آئی سی سی ٹرافی کا 11 سالہ انتظار ختم کیا تھا۔ سابق ہندستانی کپتان اور اس وقت کے کرناٹک کے کوچ راہول دراوڑ نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ قرارداد میں دراوڑ اور ٹیم انڈیا کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی گئی، جس سے قوم کو خوشی اور فخر ہوا ہے۔ کھادر نے کہا، کرناٹک کے لوگوں کی طرف سے ہم روہت شرما اور کوچ راہول دراوڑ کی قیادت میں ٹیم انڈیا کو ملک کے لیے ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ یہ قراراداد بی جے پی کے ایم ایل اے اور سابق وزیر ایس سریش کمار نے پیش کی، جس نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ دراوڑ کی کامیابی کو تسلیم کرے اور ٹیم کو ان کی جیت پر مبارکباد دے۔ قرارداد اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لی۔