ممبئی 15جولائی:جیوتش پیٹھ کے شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی نے پیر کے روز ممبئی میں ماتوشری پہنچ کر شیوسینا یو بی ٹی لیڈر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ اس دوران ادھو ٹھاکرے اور ان کی شریک حیات رشمی ٹھاکرے نے اپنے گھر میں پوجا کرائی اور سوامی اویمکتیشورانند کا آشیرواد لیا۔ سابق وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد شنکراچاریہ نے کہا کہ مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ پھر انھوں نے کہا کہ کس کا ہندوتوا اصلی ہے، یہ جاننا ہے تو سمجھ لیجیے کہ جس کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے وہ اصلی ہندو ہے۔ یعنی جس نے دھوکہ دیا ہے وہ اصلی ہندو نہیں ہے۔ شیوسینا یو بی ٹی چیف ادھو ٹھاکرے کی گزارش پر ممبئی میں ماتوشری پہنچے سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی نے کہا کہ ’’ہم ہندو مذہب کی تقلید کرتے ہیں۔ ہم ثواب اور گناہ میں یقین رکھتے ہیں۔ دھوکہ کو سب سے بڑے گناہوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، وہی ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ہوا ہے۔ انھوں نے مجھے بلایا، میں آیا۔ انھوں نے ہمارا استقبال کیا۔ ہم نے کہا کہ ہمیں ان کے ساتھ ہوئے دھوکہ پر دکھ ہے۔ ہمارا یہ دکھ تب تک نہیں جائے گا جب تک وہ دوبارہ وزیر اعلیٰ نہیں بن جاتے۔‘‘ دہلی کے براڑی واقع ہرنکی میں ’شری کیدارناتھ دھام‘ کے نام سے مندر قائم کیے جانے سے متعلق ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ دہلی میں کیدارناتھ مندر نہیں بنایا جا سکتا۔ بارہ جیوترلنگوں کے لیے جگہ مقرر کیا گیا ہے۔ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کیوں ہو رہی ہے۔ بھگوان کے ہزار نام ہیں، کسی بھی نام سے مورتی نصب کر کے پوجا کیجیے، لیکن کیدارناتھ دھام دہلی میں بنے گا تو یہ نہیں ہونے دیں گے۔ ساتھ ہی شنکراچاریہ نے کہا کہ کیدارناتھ میں 228 کلو سونا غائب کر دیا گیا، اس کی فکر کسی کو نہیں ہے۔ اس کی جانچ کیوں نہیں ہوتی۔