پٹنہ 12جولائی: بہار کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کے درمیان ندیوں و نہروں پربنے پل گر رہے ہیں۔ اس معاملے پر ریاست کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے ایک بار پھر ریاست کی این ڈی اے حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ جمعہ (12 جولائی) کی صبح تیجسوی یادو نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار میں پل نہیں بلکہ 18 سالوں کی بدعنوانی کے مینار گر رہے ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار میں پل نہیں بلکہ 18 سالوں کی بدعنوانی کے مینار گر رہے ہیں۔ روز آنہ پلوں کے گرنے کے معاملے میں این ڈی اے حکومت نے بدعنوانی اور بدترین حکمرانی کا ریکارڈ بنایا ہے۔ گزشتہ 3 ہفتوں میں اب تک صرف 17 پل گرے ہیں۔ پلیوں کے گرنے اور دھنسنے کا تو کوئی شمار ہی نہیں۔ تیجسوی یادو نے اپنی پوسٹ کے ساتھ پلوں کے گرنے کی تاریخ کے ساتھ تصویر اور ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سہرسہ میں 10 جولائی کو پل گرا۔ 7 جولائی کو موتیہاری، 4 جولائی کو سارن، 3 جولائی کو سارن میں مزید دو جگہ، 3 جولائی کو مہاراج گنج میں تین جگہ، 30 جون کو کشن گنج، 28 جون کو مدھوبنی، 27 جون کو کشن گنج، 23 جون کو موتیہاری، 22 جون کو سیوان اور 18 جون کو ارریہ میں پل گرا۔ تیجسوی یادو نے اپنے ایک دیگر پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی پر حملہ کر چکے ہیں۔ پلوں کے گرنے کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ 18 سال سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی کا کوئی قصور نہیں ہے، ہے نا؟ 18 سال کے اقتدار کے بعد بھی سب قصور اپوزیشن کا ہے۔