ڈارٹمنڈ، 11 جولائی (یو این آئی) متبادل کھلاڑی اولی واٹکنز کے شاندار گول کی بدولت انگلینڈ نے بدھ کو نیدرلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار یوروکپ 2024 چیمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ اس سے قبل ہالینڈ کی جانب سے 21 سالہ ژاوی سمنز نے انگلینڈ کے ڈیفنس میں گھس کر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم وہ اسے زیادہ دیر برقرار نہ رکھ سکے۔ انگلینڈ کے ہیری کین نے 18ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے اسکور 1-1 کردیا۔
اولی واٹکنز نے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کر کے انگلینڈ کو فتح دلا دی۔ اس فتح کے ساتھ اتوار کو فائنل میں انگلینڈ اور اسپین ٹائٹل کے لیے ٹکرائیں گے۔ انگلینڈ کے کوچ جیرتھ ساؤتھ گیٹ نے کپتان ہیری کین کی جگہ واٹکنز کو میدان میں بلانے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا اور انہوں نے 91ویں منٹ میں گول کرکے اسے درست ثابت کردیا۔