چنڈی گڑھ 11جولائی: ہریانہ میں اسمبلی انتخاب کے زیادہ دن نہیں بچے ہیں، اس لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ انڈین نیشنل لوک دَل (آئی این ایل ڈی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے ہریانہ اسمبلی انتخاب میں اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق ہریانہ کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے مایاوتی کی پارٹی (بی ایس پی) 37 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔ دونوں پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے فیصلہ کیا ہے کہ ابھے چوٹالہ اتحاد کے لیڈر ہوں گے۔ اس اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے ابھے چوٹالہ نے کہا کہ یہ اتحاد مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اور کانگریس نے ملک کو لوٹا ہے، اس لیے عوام کے سامنے ایک متبادل پیش کیا جا رہا ہے۔ ابھے چوٹالہ کا کہنا ہے کہ وہ غیر بی جے پی و غیر کانگریسی اتحاد بنا رہے ہیں اور کامیابی کے بعد حکومت بھی تشکیل دیں گے۔ دوسری طرف بی ایس پی کے نیشنل کوآرڈنیٹر اور مایاوتی کے جانشیں آکاش آنند نے کہا کہ اگر حکومت بنتی ہے تو ابھے چوٹالہ وزیر اعلیٰ بنائے جائیں گے۔ یہ اتحاد اسمبلی انتخاب تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دیگر انتخابات بھی ایک ساتھ لڑے جائیں گے۔ آکاش نے یہ بھی کہا کہ 6 جولائی کو مایاوتی اور ابھے چوٹالہ کی میٹنگ ہوئی تھی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔