نئی دہلی 10جولائی: بہار میں اسمبلی انتخاب آئندہ سال ہونا ہے، اس ٹھیک پہلے پرشانت کشور نے اپنی پارٹی ’جَن سُراج‘ کو لانچ کرنے کے لیے تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ پرشانت کشور نے اپنی سیاسی پارٹی کی لانچنگ کے لیے مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش، یعنی 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پرشانت کشور نے کہا ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخاب میں سبھی 243 سیٹوں پر امیدوار اتاریں گے۔ پرشانت کشور کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق جلد ہی 21 لیڈروں کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو امیدواروں کے بارے میں مشورہ دے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسمبلی انتخاب میں بغیر کسی کے ساتھ اتحاد کیے اریں گے اور 75 سیٹوں پر مسلم امیدوار اتارے جائیں گے۔ پی کے عرف پرشانت کشور نے دلتوں کے تعلق سے بھی ایک بڑا داؤ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کی آبادی میں دلتوں اور مسلمانوں کی مجموعی شراکت داری 37 فیصد ہے، اس لیے وہ بڑی تعداد میں دلتوں کو بھی انتخاب میں اتارنے کی پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو سال قبل پرشانت کشور نے 2 اکتوبر 2022 کو مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش پر ہی مغربی چمپارن سے ’جَن سُراج یاترا‘ شروع کی تھی۔ گزشتہ دو سالوں میں پرشانت ریاست بھر میں 5000 کلو میٹر سے زیادہ کا سفر کر چکے ہیں۔ وہ اپنے عوامی اجلاس میں لوگوں کو ذات پات کے بندھن سے اوپر اٹھ کر اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کا انتخاب کرنے کی اپیل کرتے رہے ہیں۔ مسلمانوں کے تعلق سے ان کا کہنا ہے کہ بہار کے مسلمان خوف میں آ کر ووٹ کرتے رہے ہیں، ان کا کوئی لیڈر نہیں ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ وہ کانگریس، آر جے ڈی اور جنتا دل یو کے لیے ووٹ ڈالنے والے مسلمانوں کو اپنی طرف کھینچنے میں کتنے کامیاب ہو پائیں گے۔