ڈسلڈورف 08 جولائی (یو این آئی) انگلینڈ نے سوئٹزرلینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر یورو کپ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے۔ جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تیسرا کوارٹر فائنل مقررہ وقت پر 1-1 گول سے برابر رہنے کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا۔ انگلینڈ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں سوئٹزرلینڈ کو 5-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ ہقینی کر لی ہے۔ پہلے ہاف تک دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول نہ ہوسکا۔ آخری 15 منٹ میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔ سوئٹزرلینڈ کے بریل ایمبولو نے 75ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی، پانچ منٹ بعد انگلینڈ کے بوکایو ساکا نے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ کھیل کے اختتام تک کوئی بھی جیت نہ سکا اور میچ ڈرا ہونے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کھیلا گیا۔ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول نہ کر سکیں۔ جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ انگلینڈ کے لیے کول پامر، جوڈ بیلنگھم، ساکا، ایوان ٹونی اور ٹرینٹ الیگزینڈر، جو متبادل کے طور پر آئے تھے، نے گول کرکے ٹیم کو 5-3 سے جیت دلانی۔