زمبابوے کی تاریخی فتح،بھارت کو 13 رنز سے شکست دی

0
8

ہرارے، 6 جولائی (یو این آئی) کپتان سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت زمبابوے نے ہفتہ کو کھیلے گئے پہلے ٹی-20 میچ میں ہندوستان کو 13 رنز سے شکست دے کر تاریخی جیت درج کی۔بلے بازوں کے لیے مشکل پچ پر 116 رنز کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی بیٹنگ فلاپ رہی۔ زمبابوے کی بالنگ کے سامنے ہندوستانی بلے باز ’تو چل میں آیا‘ کے سر پر پویلین لوٹتے رہے اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان شبھ من گل نے 29 گیندوں پر 31 رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے تھے۔ 11ویں اوور میں سکندر رضا نے گل کو بولڈ کر کے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ تاہم اس کے بعد واشنگٹن سندر اور اویس خان نے ایک بار پھر کم بیک کیا اور میچ کا رخ ہندوستان کے حق میں کر دیا۔ اویس نے 12 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ واشنگٹن سندر نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 27 رنز بنائے۔ ہندوستان کے آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ یہ زمبابوے کی ٹی-20 میچ میں ہندوستان کے خلاف تیسری جیت ہے۔زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور ٹینڈئی چتارا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ برائن بینیٹ، ویلنگٹن مساکاتجا، بلیسنگ مزاربانی اور لیوک جونگوے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج ہرارے اسپورٹس کلب میں ہندوستانی کپتان شبھ من گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والے زمبابوے کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں مکیش کمار نے انوسینٹکائیا (0) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ویزلی مادھویرے اور برائن بینیٹ نے دوسری وکٹ کے لیے 34 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں روی بشنوئی نے برائن بینیٹ (22) کو بولڈ کرکے زمبابوے کو دوسرا جھٹکا دیا۔ بشنوئی نے ویزلی مادھویرے (21) کو بھی بولڈ کر کے آٹھویں اوور میں پویلین بھیج دیا۔ کپتان سکندر رضا (17) اور ڈیون مائر (23) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کلائیو مڈانڈے نے 25 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بالنگ کے سامنے زمبابوے کے پانچ بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ روی بشنوئی (چار وکٹ) اور واشنگٹن سندر (دو وکٹوں) کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے ہندوستان نے زمبابوے کو مقررہ 20 اوورز میں 115 سکور تک محدود کر دیا۔ہندوستان کے لیے روی بشنوئی نے چار اوور میں 12 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں واشنگٹن سندر نے چار اوورز میں 11 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ مکیش کمار اور اویس خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔