یوروکپ:اسپین ،جرمنی اورفرانس، پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں

0
6

ہیمبرگ،06 جولائی (یواین آئی) فرانس نے پرتگال کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 5-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ کر کرسٹیانو رونالڈو کی ان کی آخری یورپی چیمپئن شپ میں خطاب جیتنے کی امیدوں کو ختم کردیا جبکہ اسپین نے دلچسپ کوارٹرفائنل مقابلے میں جرمنی کو دو-ایک سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال ٹیم یورو 2024 کے کوارٹر فائنل سے باہر ہو گئی۔ کائلان ایمباپے کی قیادت میں فرانس نے پرتگال کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔یہ 39 سالہ رونالڈو کے لیے ریکارڈ چھٹی اور آخری یورپی چیمپئن شپ تھی، جنہوں نے شوٹ آؤٹ میں پرتگال کی پہلی پنالٹی پر گول کیا اور بعد میں ساتھی تجربہ کار پیپے کو تسلی دی، جب کہ 41 سالہ ڈفینڈراپنے کپتان کے کندھے پر سر رکھ کر رو رہے تھے۔ایم باپّے نے شوٹ آؤٹ میں پنالٹی نہیں لی، انہیں اضافی وقت کے پہلے ہاف کے بعد سبسٹی ٹیوٹ کیا گیا تھا کیونکہ ان کی ناک پر دو بار چوٹ لگی تھی جو حفاظتی ماسک سے ڈھکا ہوا تھا۔یورپیئن چیمپیئن شپ (یورو) 2024ء کے کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے دن اسپین نے میزبان ملک جرمنی جبکہ فرانس نے پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالفائی کرلیاہے۔ اسپین اور جرمنی کے مابین کھیلے گئے میچ کے ابتدائی 4 منٹ میں اسپین کو سبسٹی ٹیوٹ کرنا پڑا، اپنا آخری بین الاقوامی فٹبال میچ کھیلنے والے جرمن کھلاڑی ٹونی کروز نے اسپین کے نوجوان اور کلیدی مڈفیلڈر پیڈری کو انجرڈ کردیا جس کے باعث اسپین کو تبدیلی کرنا پڑی اور متبادل آنے والے کھلاڑی اولمو نے گول اسکور کرکے اسپین کو برتری دلوائی۔
مقررہ وقت ختم ہونے کے قریب اسپین کو 0-1 کی برتری حاصل تھی لیکن جرمنی کے ورٹز نے 89ویں منٹ میں گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد میچ ایکسٹرا ٹائم میں گیا، ایکسٹرا ٹائم کے آخری منٹ میں اسپین کے مرینو نے شاندار ہیڈر گول اسکور کرکے 1-2 سے جرمنی کو شکست دی۔یہ یورو کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ جب میزبان ملک کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہوا۔ٹونی کروز کا ریٹائرمنٹ سے قبل ریال میڈریڈ کے ساتھ چیمپیئنز لیگ ٹرافی جیتنے کا عزم تو پورا ہوا لیکن وہ اپنے ملک جرمنی کو یورو جتوانے میں ناکام رہے اور یوں یہ کوارٹر فائنل میچ ان کے فٹبال کریئر کا آخری میچ ثابت ہوا۔دوسرا میچ پرتگال اور فرانس کے درمیان کھیلا گیا جس میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول اسکور نہیں کر پائیں اور ایکسٹرا ٹائم کھیلنے کے باوجود گول اسکور نہیں ہوسکا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔پینلٹی شوٹ آؤٹ میں فرانس نے پرتگال کو 3-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی جس کے بعد اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا یورو کا سفر ختم ہوا۔وہ اس سے قبل واضح کرچکے ہیں کہ یہ ان کے کریئر کا آخری یورو ہوگا جس میں وہ اپنی ٹیم کو ٹرافی جتوانے کے لیے پُر عزم تھے۔120 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ اس کے بعد میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔ اس سے قبل پرتگال اور فرانس دونوں نے کچھ آسان مواقع ضائع کیے تھے۔ پرتگال کی جانب سے وٹینہا اور برونو فرنینڈس نے مواقع پیدا کیے تاہم پرتگالی ٹیم فائدہ نہ اٹھا سکی۔ فرانس کے گول کیپر میگنان نے شاندار بچاؤ کیا۔ کولو میوانی نے فرانس کی جانب سے گول کرنے کی کوشش کی لیکن پرتگال کے دفاعی کھلاڑی روبن ڈیاس نے گول ہونے نہیں دیا۔ اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا۔ جوابی حملے کے بجائے دونوں ٹیموں کی توجہ گول بچانے پر مرکوز تھی۔ پرتگال کے نونو مینڈس کو اضافی وقت میں گول کرنے کا موقع ملا لیکن باکس کے کونے سے ان کی شاٹ کو روک لیاگیا۔
واضح رہے کہ 15 جون سے جرمنی میں یورو 2024ء کے مقابلوں کا آغاز ہوا، ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں یورپ کی 24 فٹبال ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔اسپین اور فرانس کے درمیان پہلا سیمی فائنل 10 جولائی کو رات 12 بجے کھیلا جائے گا۔