لندن، 4 جولائی (یو این آئی) تجربہ کار ہندوستانی کھلاڑی روہن بوپنا اور ان کے آسٹریلیائی جوڑی دار میتھیو ایبڈن ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے ڈبلز میچ میں نیدرلینڈ کے رابن ہاس اور سینڈر آرینڈز کی جوڑی کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔بدھ کے روز، بوپنا اور ایبڈن کی جوڑی نے ایک گھنٹہ 11 منٹ تک جاری رہنے والے بارش سے متاثرہ پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں نیدرلینڈ کی جوڑی کو 7-5، 6-4 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں داخلہ لیا۔بوپنا اور ایبڈن کی جوڑی کا مقابلہ تیسرے راؤنڈ میں جرمن جوڑی ہینڈرک جیبینز اور کونسٹنٹن فرنٹزن سے ہوگا۔اس سے قبل دن کے ایک اور میچ میں ہندوستانی ٹینس کھلاڑی سمت ناگل اور سربیا کے دوسان لاجووچ کی جوڑی کو ومبلڈن ٹینس میں مردوں کے ڈبلز مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بوپنا اور ایبڈن کی جوڑی گزشتہ سال ومبلڈن کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔