گیانا 28 جون (یو این آئی) ہندوستانی کپتان روہت شرما نے وراٹ کوہلی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال تک کرکٹ کھیلنے کے بعد فارم کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، شاید انہوں نے فائنل کے لیے اپنی بہترین کارکردگی کو بچاکر رکھا ہے۔ سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 68 رن سے شکست دینے کے بعد وراٹ کی کارکردگی پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں روہت نے کہا، “ہم سب ان کی کلاس کے بارے میں جانتے ہیں۔ 15 سال کھیلنے کے بعد فارم کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ شاید اس نے فائنل کے لیے اپنی بہترین کارکردگی کو بچا کر رکھا ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر کوشش کر رہے ہیں۔ فائنل ایک بڑا موقع ہے۔ اپنے آپ کو پرسکون رکھنے سے اچھے فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔ میں نے محسوس کیا کہ آج ہم بہت مستحکم ہیں اور گھبرائے نہیں ۔ ہم پوری کوشش کریں گے، ٹیم اچھی حالت میں ہے۔ میں صرف امید کر سکتا ہوں کہ ہم فائنل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ٹیم کی کارکردگی پر انہوں نے کہا، “ایک ٹیم کے طور پر ہم نے بہت محنت کی اور سب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے خود کو حالات کے مطابق ڈھال لیا اور یہ اس وقت کا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ اگر گیندباز اور بلے باز خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھال لیں تو چیزیں آسان ہو جاتی ہیں۔ ایک وقت میں ہم نے محسوس کیا کہ اس پچ پر 140-150 کا اسکور بھی قابل احترام سکور ہو گا۔ تاہم ہم درمیانی اووروں میں رن بنانے میں کامیاب رہے۔ سوریہ کمار اور میں مسلسل رن بنانے کی کوشش کر رہے تھے اور سوچ رہے تھے کہ شاید ہم مزید 20-25 رن بنا سکتے ہیں۔
میں صرف یہ چاہتا تھا کہ ہمارے بلے باز اپنے فطری انداز میں کھیلیں۔ اس پچ پر 175 کا اسکور بہت اچھا اسکور ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے گیند بازوں نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اکشر اور کلدیپ حیرت انگیز اسپنر ہیں۔ ان حالات میں ان کے خلاف رن بنانا مشکل ہے۔ دباؤ میں بھی وہ سکون سے اپنا کام کر رہے تھے۔ ہم نے پہلی اننگز کے بعد بات چیت کی۔ اس دوران ہم نے مسلسل وکٹ کی سمت میں گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔