تروبا، 27 جون (یو این آئی) سیمی فائنل میں یک طرفہ جیت کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ فائنل زیادہ مشکل ہے اورہمیں ماضی کے تجربات کو بھول کر کھیل پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ سیمی فائنل میں افغانستان کو شکست دینے کے بعد مارکرم نے کہا کہ وہ فائنل میں پہنچ کر بہت خوش ہیں۔ حالانکہ یہ صرف کپتان کی وجہ سے نہیں، اس کامیابی کے پیچھے پوری ٹیم کی اجتماعی کوشش ہے۔ یہ فائنل انڈر 19 ورلڈ کپ سے زیادہ مشکل ہے۔ ان دونوں کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے ماضی کے تجربات کو بھول کر اپنے کھیل پر توجہ دیں۔پلیئر آف دی میچ مارکو یانسن نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا واحد منصوبہ گیند کو صحیح جگہوں پر پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیزوں کو سادہ رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فتح سے کافی خوشی محسوس کررہے ہیں اور کل سے ایک بار پھر تیاری شروع کریں گے۔افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ بحیثیت ٹیم ہمارے لیے یہ مشکل رات ہے۔ ہم اچھا کر سکتے تھے لیکن حالات ہمارے ساتھ نہیں تھے۔ تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں آپ کو ہر صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ تیزگیندبازوں کی کارکردگی سے بہت مطمئن ہوں۔ اس ٹورنامنٹ میں تیزگیندبازوں نے ہمیں اچھی شروعات دی جس کی وجہ سے میرے اور دیگر اسپنرز کے لیے بولنگ کرنا آسان ہو گیا۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے بہت اچھا تھا۔ اس سے ہمیں یہ اعتماد ملا ہے کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔ مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم ہمیشہ ٹاپ آرڈر پر انحصار نہیں کر سکتے۔ ہم اگلے ٹورنامنٹ میں اسے مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔