نئی دہلی26جون: سی بی آئی نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ راؤس ایونیو کورٹ میں سماعت کے دوران سی بی آئی کی جانب سے سرکاری وکیل نے عدالت سے اجازت مانگی کہ کچھ دیر کے لیے کیجریوال سے پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی جائے، تاکہ اس کے بعد وہ انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کر سکیں۔ سی بی آئی نے کہا کہ کیجریوال عدالتی حراست میں ہیں، اسی لیے ہم نے کیجریوال کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا تھا۔ سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ کیجریوال کے وکیل کے الزامات غلط ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے خود پالیسی دستاویزات تیار کیں اور اسی پالیسی کو نافذ کیا۔ یہ مایوس کن ہے کہ ہر بار تحقیقاتی ایجنسی کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے اور ہم اس امتحان میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ سی بی آئی نے منگل اور بدھ کو تہاڑ جیل میں اروند کیجریوال سے کافی دیر تک پوچھ گچھ کی تھی۔ ذرائع پر یقین کریں تو اس دوران دہلی کے وزیر اعلیٰ سے شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالے سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔ تاہم، جب سی بی آئی نے اس معاملے میں ابتدائی طور پر مقدمہ درج کیا تھا، تو اس نے اروند کیجریوال کو ملزم نہیں بنایا تھا۔ ای ڈی نے بعد میں مقدمہ درج کیا اور اروند کیجریوال کو ملزم بنایا