فلوریڈا، 25 جون (یو این آئی) ٹی 20 ورلڈ کپ کے انگلینڈ اور ہندوستان کے سیمی فائنل میچ میں بارش کی پیشگوئی ہے اگر یہ میچ بارش کی نذر ہوا تو فائنل میں کون جائے گا۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا سفر اختتام کی جانب گامزن ہے اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہونے کے بعد اب شائقین کرکٹ کو ناک آؤٹ مرحلے کے میچز کا انتظار ہے۔دونوں سیمی فائنل میچز جمعرات 27 جون کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جب کہ دوسرا سیمی فائنل ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔محکمہ موسمیات نے ہندوستان اور انگلینڈ کے میچ میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے، یہ میچ جمعرات 27 جون کی صبح کھیلا جائے گا تاہم اس روز صبح سے شام 4 بجے تک بارش کی پیشگوئی ہے۔
تاہم آئی سی سی نے اس میچ کے لیے ریزرو ڈے نہیں رکھا ہے۔ ایسے میں شائقین یہ جاننے کے لیے متجسس ہیں کہ اگر بارش کے باعث میچ نہ ہو سکا تو کون سی ٹیم فائنل میں جائے گی۔میچ کے انعقاد کے لیے دونوں ٹیموں کے درمیان کم از کم 10 اوورز بیٹنگ کرنا لازمی ہے۔ آئی سی سی نے میچ کے لیے 250 منٹ کا اضافی وقت رکھا ہے۔میچ کا آفیشل ٹائم مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے سے دوپہر ایک بج کر چالیس منٹ تک ہے تاہم بارش ہونے کی صورت میں ملنے والے 250 اضافی منٹ کے سبب میچ شام 5 بج کر 50 منٹ تک جاری رہ سکتا ہے۔تاہم اگر بارش اتنی زیادہ ہوئی کہ میچ کا انعقاد نہ ہوسکا تو پھر ہندوستان فائنل کھیلنے کا اہل قرار پائے گا جب کہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو خالی ہاتھ گھر جانا ہوگا۔بھارت کے میچ جیتے بغیر فائنل میں رسائی کی وجہ سپر 8 گروپ میں پہلی پوزیشن ہوگی جس کی بنیاد پر وہ فائنل کھیلے کا حقدار ہوگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے انڈین مارکیٹ کی وجہ سے انڈیا کا سیمی فائنل گیانا میں رکھا تھا۔ انڈیا کے علاوہ اگر کوئی اور ٹیم گروپ ون سے ٹاپ کرتی تو وہ ٹرینیڈاڈ میں سیمی فائنل کھیلتی۔
ٹرینیڈاڈ جہاں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان پہلا سیمی فائنل ہوگا وہاں بارش سے میچ نہ ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھا گیا ہے جب کہ میچ شیڈول کے پہلے روز 60 منٹ کا اضافی وقت بھی دیا گیا ہے۔ اگلے دن میچ کے ریزرو ڈے میں 190 منٹ کا اضافی وقت دستیاب ہوگا۔