بنگلورو، 23 جون (یو این آئی) اسمرتی مندھانا (90) اور کپتان ہرمن پریت کور (42) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر ہندوستان کی ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔ آج ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں، جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی جنوبی افریقی کپتان لورا وولفارٹ اور تیجمن برٹس کی جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کی۔ 20ویں اوور میں اروندھتی ریڈی نے اپنی ہی گیند پر لارا وولفارٹ کو کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ لارا نے 57 گیندوں میں 61 رنز بنائے۔ تیجمن برٹس (38) اگلے ہی اوور میں رن آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بلے باز ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکیں۔ مارجن کپ (7)، اینیکا بوش (5)، نادین ڈی کلرک (26)، نونڈومیسو شنگھاس (16)، نونکولولیکو ملابا (0) پر آؤٹ ہوئیں۔ میک ڈیرائیڈر (26) اور تمی سیکھوکھونے نے (6) رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 215 رنز بنائے۔ہندوستان کی جانب سے اروندھتی ریڈی اور دپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شریانکا پاٹل اور پوجا وستراکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔215 رنز کے جواب میں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی اوپننگ جوڑی نے بھی اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 61 رنز جوڑے۔ تمی سیکھونے نے 12ویں اوور میں شیفالی ورما (25) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ پریا پونیا 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اسمرتی مندھانا نے 83 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان ہرمن پریت کور (42) اور جمائمہ روڈریگس (19 ناٹ آوٹ) ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچایا۔ ہندوستان نے 40.4 اوورز میں 220 رنز بنائے اور یہ میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔ ریچا گھوش نے 41ویں اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔